کالی کٹ 17/اگست (عبدالکریم امجدی/ایس او نیوز) کیرالہ کے کالی کٹ میں واقع عظیم الشان دینی وعصری اسلامی یونیورسٹی جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ میں 78ویں یوم آزادی تقریب پر گرانڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد نے پرچم کشائی کے بعد ملک کے عوام کویوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو ہم سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی سبھوں کی کوششوں کا نتیجہ ہے جوکہ اس بات کی یقین دہانی کرتی ہے کہ لوگو ں میں اتحاد اور ہم آہنگی ہی قوم وملت کو ترقی اور کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔
مساوات،انصاف،بھائی چارہ،سیکولرزم اور جمہوریت کے اقدار کو پوری طرح برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری اور فرض ہے جمہوریت اور آئین ملک کی روح ہیں ۔شیخ نے کہاکہ ملک کو اب بھی غربت،ناخواندگی اور عدم مساوات کے چیلنجوں پر قابو پانے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید توجہ کی ضرورت ہے۔شیخ ابوبکر نے کہاکہ ایک پُر عزم،ترقی پسند،اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کریں جو بھارت کے اقدار کی خوبصورتی ہے۔ انہوں نے کیرالہ کے وایناڈ میں ہوئی تباہی کے پس منظر میں کہاکہ سبھی برادری کے لوگوں نے تعاون کیا جو قابل ستائش ہے۔
انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر شہریوں سے کہا کہ آئے، عہد کریں اتحاد،انصاف،مساوات اور بھائی چارہ کا، جوکہ ایک ترقی پسند خوشحال ہندوستان کے اقدار کی علامت ہے۔ انہوں نے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیا۔
اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں ملی،ثقافتی،رنگا رنگ کلچرل،پریڈ،کھیل کود،سسنکرت پروگرام اور اسٹیج پروگرام شاندار طریقے سے منعقد ہوا۔ مرکز ہیڈ کواٹر میں شیخ ابوبکر احمد نے پرچم کشائی کی جس میں اساتذہ،اراکین،اور ہزاروں طلبہ شریک رہے۔ تقریب میں ڈائیریکٹر جنرل سی محمد فیضی،مولانا عبید اللہ ثقافی ،ڈاکٹر حسین محمد ثقافی و دیگر نے بھی خطابات کئے۔